لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے تعلیمی اداروں میں بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب حکومت کو تمام سرکاری اور نجی اداروں میں اساتذہ اور دیگر عملے کی سکریننگ کرانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ہدایت کی ہے کہ تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی پولیس اور نادرا ریکارڈ کے ذریعے مکمل جانچ پڑتال کی جائے، جبکہ تعلیمی اداروں میں ملازمت کے لیے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ اور خصوصی تربیت کو لازمی قرار دیا جائے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے طالب علم سے زیادتی کے مقدمے میں نامزد ملزم استاد کی ضمانت مسترد کرتے ہوئے بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ تعلیمی اداروں میں بچوں کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی انتہائی ضروری ہے، اس مقصد کے لیے بھرتیوں کے عمل میں شفافیت اور عملے کی مکمل جانچ کو یقینی بنایا جائے۔