اسلام آباد : پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کا عمل کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا ہے، جس کے بعد ادارے کی ملکیت باضابطہ طور پر نئے مالکان کو منتقل کر دی گئی ہے اور نئی انتظامیہ نے پی آئی اے کا انتظام سنبھال لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عارف حبیب کنسورشیم کے ذیلی ادارے پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے قومی ایئرلائن کو 180 ارب روپے میں حاصل کر لیا ہے۔ معاہدے کے تحت 55 ارب روپے حکومتِ پاکستان کو منتقل کیے جائیں گے جبکہ 125 ارب روپے پی آئی اے میں نئی سرمایہ کاری کی صورت میں خرچ کیے جائیں گے۔
دوسری جانب نجکاری کے بعد پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔ لاہور سے مانچسٹر کے لیے پروازیں پانچ سال بعد دوبارہ بحال کر دی گئی ہیں، جبکہ اسلام آباد سے بیجنگ کے لیے دو طرفہ پروازیں بھی دو ماہ کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ لاہور سے مانچسٹر کے لیے دو طرفہ پروازوں کا باقاعدہ آغاز یکم جولائی سے کیا جائے گا۔