عمان اور ایران کا آبنائے ہرمز پر رابطہ اور تعاون بڑھانے پر اتفاق

10:30 PM, 29 Jun, 2026

مسقط : سلطنت عمان اور ایران نے آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات پر باہمی رابطے اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

عمانی وزارتِ خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کی مشترکہ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج منعقد ہوا، جس میں آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام اور اس سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں عمانی وفد کی قیادت وزارتِ خارجہ کے نمائندے شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ الہنائی نے کی جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے انجام دی۔

عمانی وزارتِ خارجہ کے مطابق دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے روابط اور تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا اور مشترکہ مفادات کے تحفظ اور خودمختاری کے احترام کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں فریقین نے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کے عزم کو بھی دہرایا اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور شپنگ خدمات کے شعبوں میں تعاون کے مختلف فریم ورک پر غور کیا۔

مزید کہا گیا کہ عمان اور ایران نے دوطرفہ اور بین الاقوامی سطح پر مفاہمتی کوششوں کو آگے بڑھانے پر زور دیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ آبنائے ہرمز کے ساحلی ممالک ہونے کے ناطے قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔

مزیدخبریں