مشترکہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلم اُمہ کا اتحاد ناگزیر ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

10:08 PM, 29 Mar, 2026

اسلام آباد :نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خطے کو درپیش سنگین صورتحال اور مشترکہ چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے لیے مسلم اُمہ کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے چار ملکی مشاورتی اجلاس کو انتہائی مثبت اور "نتیجہ خیز" قرار دیا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والا یہ اہم اجلاس پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے درمیان مشاورتی عمل کا دوسرا مرحلہ تھا۔اس سلسلے کا پہلا اجلاس 19 مارچ کو منعقد ہوا تھا، جبکہ دوسرا اہم دور آج اسلام آباد میں مکمل ہوا۔نائب وزیراعظم کے مطابق، دورے پر آئے ہوئے وزرائے خارجہ کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں انتہائی مفید رہیں، جن میں خطے میں امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے موجودہ علاقائی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے درج ذیل نکات پر زور دیا ۔جاری تنازعات نہ صرف انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہے ہیں بلکہ ان کے اثرات پورے خطے کی معیشت اور عوام کی زندگیوں پر پڑ رہے ہیں۔ اجلاس میں تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں جاری کشیدگی کا جلد اور مستقل خاتمہ ناگزیر ہے۔
نائب وزیراعظم نے اپنے خطاب کے آخر میں ایک بار پھر اُمہ کے اتحاد پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان مشکل حالات میں صرف اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ہی ہم اپنے مشترکہ مفادات کا تحفظ کر سکتے ہیں اور خطے کو پائیدار امن کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں