اسلام آباد : وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اور گزشتہ ایک سال میں توانائی کے شعبے میں متعدد اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔
اسلام آباد میں انرجی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایک سال سے توانائی کے نظام کا گہرائی سے تجزیہ کیا جا رہا ہے تاکہ بجلی کی قیمتوں میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی طلب میں دو سے تین سال کے دوران کمی آئی ہے، جس کے باعث موجودہ پیداواری صلاحیت صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنے میں مددگار بن سکتی ہے۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ حکومت نجی بجلی گھروں (IPPs) کے معاہدوں پر نظرثانی کر رہی ہے اور اس کے اثرات بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شمسی توانائی کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جسے ملک میں متبادل توانائی کا "انقلاب" قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کوئلے اور گیس سے چلنے والے بجلی گھروں کے حوالے سے بھی ماحولیاتی اثرات کو کم سے کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ تین برسوں کے دوران گرڈ سے فراہم کرنے کے لیے وافر بجلی دستیاب ہوگی۔
اویس لغاری کے مطابق حکومت نے صنعتی شعبے کو بھی ریلیف فراہم کیا ہے، اور گزشتہ ایک سال میں صنعتی ٹیرف میں 30 فیصد کمی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ بجلی کے نرخوں میں پائیدار بنیادوں پر کمی کی جائے تاکہ صارفین کو طویل المدتی فائدہ پہنچایا جا سکے۔