واشنگٹن: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج واشنگٹن ڈی سی میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کریں گے، جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں مختلف اہم شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا، جبکہ پاکستان کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
اس دورے کو پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سرکاری دورے پر واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا استقبال امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ اور سفارت خانے کے سینئر حکام نے کیا۔