ممبئی: بھارتی فلمساز کرن جوہر کی جانب سے انسٹاگرام پر متعدد معروف شخصیات کو اَن فالو کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کرن جوہر نے شاہ رخ خان، عالیہ بھٹ، کاجول سمیت کئی قریبی دوستوں اور معروف شوبز شخصیات کو اپنی فالوونگ لسٹ سے ہٹا دیا، جس پر مداحوں میں تشویش اور بحث نے جنم لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس صورتحال پر وضاحت دیتے ہوئے کرن جوہر نے کہا کہ یہ اقدام کسی ذاتی اختلاف یا ناراضی کا نتیجہ نہیں بلکہ سوشل میڈیا سے وقتی دوری اختیار کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کم وقت گزارنا چاہتے ہیں، اسی لیے اپنی فالوونگ فہرست کو محدود کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس فیصلے کا کسی بھی قریبی رشتے یا تعلقات میں خرابی سے کوئی تعلق نہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین اس معاملے پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ کئی افراد اسے محض ایک معمول کی آن لائن تبدیلی قرار دے رہے ہیں۔