پاکستان ایک پرامن ایٹمی قوت، بلاول بھٹو عالمی سطح پر بھارت کی چالوں کو بے نقاب کر رہے ہیں :شرجیل میمن

01:33 PM, 29 Nov, 2025

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ایٹمی قوت ہے اور بانی پاکستان ذوالفقار بھٹو نے ملک کی بنیاد مضبوطی سے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا اور پیپلز پارٹی نے صوبوں کو خودمختاری فراہم کی۔

شرجیل میمن نے بلاول بھٹو کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالمی سطح پر بھارتی جارحیت کو بے نقاب کیا اور بھارتی اقدامات کے خلاف واضح مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے بلاول بھٹو کے سر کی قیمت مقرر کر رکھی ہے، لیکن پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کی یکجہتی کے سبب کوئی دشمن میلی آنکھ سے پاکستان کو نہیں دیکھ سکتا۔

انہوں نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے حوالے سے بتایا کہ پیپلز پارٹی دنیا کا سب سے بڑا رہائشی منصوبہ چلا رہی ہے اور 21 لاکھ گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ شرجیل میمن نے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام اور تھر کے کوئلے سے بجلی کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا، جنہیں سابق صدر آصف زرداری نے شروع کیا اور آج بھی سندھ حکومت آگے بڑھا رہی ہے۔

ایگریکلچر سیکٹر پر توجہ دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت اس شعبے میں 56 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ اداروں کو مضبوط کرنے کی حمایت کرتی رہی ہے اور کبھی کسی سازش کا حصہ نہیں رہی۔

پاکستان اور بھارت کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو کئی مواقع پر شکست دی، بھارتی پائلٹ کو واپس بھیجنے اور دیگر واقعات میں عالمی سطح پر بھارت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ متحد ہے اور پاکستان بنانے والا صوبہ ہمیشہ مستحکم رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو عوام کی حمایت سے اقتدار میں آئیں گے اور پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے کسی بھی خطرے کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

مزیدخبریں