جرنیلوں سے نفرت اور جوانوں سے محبت ظاہر کرنے کا کیا مقصد ہے؟فواد چودھری

fawad chaudhry,soldiers,federal minister,national assembly
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے تین جلسے ہوئے اور تین بیانیے سامنے آئے،پہلے میں فوج کے خلاف بیانیہ آیا ،دوسرے جلسہ میں اردو زبان کے خلاف بات کی گئی ،تیسرے جلسے میں آزاد بلوچستان کا نعرہ لگادیا گیا،جرنیلوں سے نفرت اور جوانوں سے محبت ظاہر کرنے کا کیا مقصد ہے؟۔


تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر فوا د چودھری نے اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریکٹ موومنٹ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کسی اور کا نہیں نواز شریف کے آٹھ کیسز کا ہے ،آج آٹھ کیسز ختم ہو جائیں جمہوریت بحال سمجھی جائے گی،اختلاف کریں مہنگائی پر گورننس پر مگر ریاست سے اختلاف نہ کیجئے ۔


فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ کل ایاز صادق نے اتنے پکے منہ سے جھوٹ بولا کہ جھوٹا شخص بھی کیا بولے گا،ریاست نے ایک شخص کو عزت دی وہ شخص یہاں اندر کی باتیں باہر کررہا ہے وہ بھی جھوٹی،کہتے ہیں ہماری ٹانگیں کانپ رہی تھیں،کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے ،جائیں جاکر بھارت سے پوچھیں کہ پلوامہ کے بعد کس طرح اندر گھس کر مارا تھا،یہ عمران خان کی قیادت میں ہی مارا گیا تھا۔ 


وفاقی وزیر نے کہا کہ گلہ اردو کو زبان نہ ماننے اور پاک افغان سرحد کو اکھاڑ پھینکنے والے اچکزئی سے نہیں بلکہ گلہ ان کی باتوں پر خاموش رہنے والوں سے ہے،جرنیلوں سے نفرت اور جوانوں سے محبت ظاہر کرنا کیا مقصد ہے،آپ اتنے پہلوان نہیں کہ عمران خان کو نکال سکیں،عمران خان 2028تک ادھر ہی ہیں ،الیکشن اصلاحات سمیت جس چیز پر بات کرنا چاہتے ہیں کریں گے ،اگر زور لگانا چاہتے ہیں تو آپ بھی لگائیں ہم بھی زور لگائیں گے۔