تائیوان میں امریکی فوجی قبول نہیں ہیں ، چین کا اعلان

تائیوان میں امریکی فوجی قبول نہیں ہیں ، چین کا اعلان

بیجنگ: چین نے واضح کردیا ہے کہ تائیوان میں امریکی افواج کی موجودگی کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے ۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بیجنگ امریکا اور تائیوان کے درمیان عسکری رابطوں کے خلاف ہے اس طرح کے اقدامات امریکا اور چین کے درمیان تعلقات کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتے  ہیں ۔

تائیوان کی صدر نے حالیہ ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ امریکا کے کچھ اہلکار تائیوان کی فورسز کی تربیت کے لئے وہاں موجود ہیں ۔

یادرہے کہ تائیوان کو چین اپنا حصہ قرار دیتا ہے اور چند روزقبل ہی چینی صدر نے بیان دیا تھا کہ تائیوان کو دوبارہ چین کا حصہ بنایا جائے گا چاہے اس کے لئے ہمیں طاقت کا استعمال کیوں نہ کرنا پڑے ۔

تائیوان کا کہنا ہے کہ ہم ایک آزاد ریاست ہیں اور ہمیں چین کے ساتھ الحاق نہیں کرنا جبکہ امریکا چین کے موقف کی مخالفت میں تائیوان کو سپورٹ کرتا ہے اور اسی تناظر میں تائیوان کی صدر نے یہ انکشاف کیا تھا کہ امریکی فوجی اہلکار تائیوان کی فوج کی تربیت کے لئے وہاں موجود ہیں ۔

دوسری طرف چین کی طرف سے  واشنگٹن کو  کہا گیا تھا کہ امریکہ نے تائیوان کارڈ کھیلنا بند نہ کیا تو دونوں ممالک کے تعلقات خطرے میں پڑ جائیں گے ۔