ٹوکیو : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپان میں ایک تقریب کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان دوسری جنگ کا ذکر کیا اور کہا کہ 2 ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کی صورت میں پوری دنیا متاثر ہوتی۔ ٹرمپ نے بتایا کہ بھارت اور پاکستان آپس میں لڑ رہے تھے، جس دوران بھارت کے 7 جدید جنگی طیارے تباہ ہو گئے تھے۔ ٹرمپ کے مطابق، انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، پاکستانی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے رابطہ کیا اور دونوں ملکوں کو خبردار کیا کہ اگر جنگ ہوئی تو تجارت بند کر دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 24 گھنٹوں کے اندر یہ تنازعہ ختم ہو گیا، جو ان کے لیے حیران کن تھا۔ ٹرمپ نے اپنے دورِ صدارت میں آٹھ جنگوں کو رکوایا اور ملائیشیا میں بھی دو ملکوں کے درمیان جنگ بندی معاہدہ کرایا۔
جاپان میں امریکی فوجی اڈے کا دورہ کرنے کے دوران، ٹرمپ نے جاپان کے لیے امریکی میزائلوں کی پہلی کھیپ کی منظوری دے دی۔ امریکی صدر نے کہا کہ امریکہ اور جاپان کے تعلقات علاقائی امن و سلامتی کے لیے بہت اہم ہیں، اور امریکی میزائل جاپان کے ایف 35 جنگی طیاروں میں استعمال ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا، "ہمارے اقتدار میں، امریکہ ایک بار پھر عظیم بن رہا ہے۔"
ٹرمپ اور جاپانی وزیراعظم نے نایاب اور اہم معدنیات کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کیے، جسے دونوں ممالک کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم بھی ٹرمپ کی امن کوششوں کی معترف ہو گئیں۔