لاہور: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اپنے خلاف درج تمام مقدمات کو یکجا کرنے کی درخواست لاہور ہائی کورٹ نے عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دی۔
تفصیلات کے مطابق، لاہور ہائی کورٹ میں عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی، تاہم اس دوران عمران خان کی طرف سے کوئی وکیل عدالت میں پیش نہ ہوا۔ عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ عمران خان کے خلاف کتنے مقدمات درج ہیں، جس پر وکیل نے بتایا کہ عمران خان کے خلاف 107 مقدمات درج ہیں۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں، عمران خان کی عدم حاضری اور وکیل کی عدم پیشی کے باعث عدالت نے درخواست کو خارج کرنے کا فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ عمران خان کی جانب سے 2023 میں یہ درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں درج مقدمات کو یکجا کیا جائے تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی ایک ہی مقام پر ہو سکے۔