پشاور : تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے دی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پاکستان کو 195 رنز کا ہدف دیا جس کا تعاقب پاکستان کی بیٹنگ لائن نہ کر سکی اور پوری ٹیم صرف 139 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 37 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔ محمد نواز نے 36 اور صاحبزادہ فرحان نے 24 رنز بنائے۔ تاہم، کپتان بابر اعظم کا بلا ایک بار پھر خاموش رہا اور وہ بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔ کپتان سلمان آغا بھی صرف 2 رنز پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، جبکہ عثمان خان 12، حسن نواز 3 اور فہیم اشرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاہین آفریدی 4 اور نسیم شاہ 9 رنز بنا کر چلتے بنے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کوربن بھوش نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جارج لنڈسے نے 3، لیزڈ ویلیم نے 2 اور لنگی نگڈی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل، پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ مہمان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کے ریزا ہینڈرکس نے 40 گیندوں پر 60 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، جب کہ جارج لنڈسے نے 36، ٹونی ڈی زورزی نے 33، اور کوئنٹن ڈی کوک نے 23 رنز بنائے۔ باقی کھلاڑیوں میں ڈونوان فریرا 10، ڈیوالڈ بریوس 9، کوربن بھوش 7 اور میتھیو بریزکے ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3 اور صائم ایوب نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین آفریدی، ابرار احمد اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ شاہین آفریدی 45 رنز دے کر سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے۔