لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے مبینہ جنگی بیانات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ "کرکٹ کو جنگ سے جوڑنا مایوسی کی علامت ہے اور اس سے کھیل کی اصل روح مجروح ہوتی ہے۔"
محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بھارتی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر جنگ تمہارے فخر کا پیمانہ ہے، تو تاریخ گواہ ہے کہ بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں صرف شکست اور رسوائی ملی ہے، اور کسی کرکٹ میچ کے نتیجے سے یہ حقیقت تبدیل نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں کو سیاسی عزائم کے لیے استعمال کرنا افسوسناک ہے اور اس عمل سے عالمی سطح پر منفی پیغام جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025ء کے فائنل میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم نے اے سی سی کے سربراہ محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے باضابطہ طور پر ایشین کرکٹ کونسل کو اس فیصلے سے آگاہ کیا، جس کے بعد ٹرافی اسٹیڈیم سے واپس منگوا لی گئی۔