غزہ امن منصوبے کی تجاویز پر اسرائیلی اور عرب رہنماؤں کی جانب سے بہت اچھا ردعمل ملا ، صدر ٹرمپ

09:57 AM, 29 Sep, 2025

واشنگٹن :  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ امن منصوبے کی تجاویز پر اسرائیلی اور عرب رہنماؤں کی جانب سے بہت اچھا ردعمل ملا ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تمام فریق اس معاہدے کے لیے پرامید اور متحد ہیں، اور انہیں یقین ہے کہ جلد ہی نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

ٹرمپ نے واضح کیا کہ اس امن منصوبے کا مقصد صرف غزہ کا مسئلہ حل کرنا نہیں بلکہ مشرق وسطیٰ میں ایک وسیع اور دیرپا امن قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا، "پہلی بار تمام فریق ایک خاص مقصد کے لیے متحد ہو رہے ہیں، اور یہ معاہدہ ضرور مکمل ہوگا۔ ہم یہ کر کے دکھائیں گے۔"

آج وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر کی اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات طے ہے، جس کا مقصد غزہ جنگ بندی کا فریم ورک حتمی بنانا ہے۔

ادھر، نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے بتایا کہ امریکی حکام اسرائیلی اور عرب رہنماؤں کے ساتھ سخت اور پیچیدہ مذاکرات میں مصروف ہیں تاکہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے معاہدہ جلد از جلد طے پا سکے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ایک معاہدے کے بہت قریب ہیں۔

مزیدخبریں