غزہ : اسرائیلی فوج کی تازہ بمباری میں مزید 40 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہید ہونے والوں میں سے 10 افراد نصیرات پناہ گزین کیمپ میں بمباری کے نشانے پر آئے جبکہ 15 افراد غزہ سٹی کے مختلف حصوں میں ہلاک ہوئے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان آویخائی ادرعی نے غزہ سٹی کے رہائشی علاقوں جیسے رِمال، صبرا، بندرگاہ کے علاقے اور بیروت اسٹریٹ کے کچھ حصوں کے لیے ہنگامی جبری انخلا کا حکم جاری کیا ہے۔ انہوں نے ایک سیٹلائٹ نقشے کی مدد سے ایک عمارت کی نشاندہی کی اور دعویٰ کیا کہ اس عمارت کے اندر یا اس کے قریب حماس کے دہشت گردوں کا ٹھکانہ موجود ہے، تاہم اس دعوے کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔
ادرعی نے رہائشیوں کو فوراً اس عمارت کو خالی کر کے جنوب کی جانب، الان مواصی کے انسانی ہمدردی کے علاقے کی طرف جانے کی ہدایت کی ہے۔ادھر جنوب کی جانب جانے والے فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ وہاں بھی محفوظ پناہ گاہ یا جگہ باقی نہیں رہی کیونکہ اسرائیلی فوج نے رفح، خان یونس اور جنوب مشرقی غزہ کے متعدد علاقوں پر مسلسل بمباری کی ہے۔دوسری جانب، اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان پر بھی بمباری کی ہے۔