ویتنام میں شدید طوفان "بوالوئی" کی آمد، چار بڑے ہوائی اڈے بند، ہزاروں افراد کا انخلاء

02:03 PM, 29 Sep, 2025

ہنوئی: ویتنام میں شدید طوفان "بوالوئی" کے خطرے کے پیش نظر ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ حکام نے چار بڑے ہوائی اڈے بند کر دیے ہیں جبکہ ہزاروں شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ویتنامی حکام کے مطابق طوفان آج شب ملک کے وسطی حصے سے ٹکرائے گا، جس کی رفتار 133 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے باعث تیز ہواؤں، موسلادھار بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی اور وسطی صوبوں میں یکم اکتوبر تک 600 ملی میٹر تک بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ بعض دریاؤں میں پانی کی سطح 9 میٹر تک بلند ہو سکتی ہے۔

طوفان کے پیش نظر وسطی صوبہ ہاتین میں 15 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ فوجی دستے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں۔

دوسری جانب، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق طوفان کے باعث دا نانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت چار بڑے ایئرپورٹس کو بند کر دیا گیا ہے، اور متعدد پروازوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں سکول بند کر دیے گئے ہیں، جب کہ وِنہ شہر کے مکین اپنے گھروں کو محفوظ بنانے اور کشتیوں کو باندھنے میں مصروف ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل یہی طوفان فلپائن میں بھی تباہی کا باعث بنا، جہاں 10 افراد جاں بحق ہوئے اور متعدد علاقے زیر آب آ گئے۔ گزشتہ برس ویتنام میں آنے والے طوفان یاگی نے بھی شدید تباہی مچائی تھی، جس میں تقریباً 300 افراد ہلاک اور 3.3 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔

مزیدخبریں