وزیراعلیٰ مریم نواز کا فیصل آباد میں جارحانہ خطاب، پنجاب پر تنقید کرنے والوں کو سخت جواب

03:30 PM, 29 Sep, 2025

فیصل آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پنجاب پر بات کی جائے گی تو وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پر بلاوجہ تنقید کرنے والوں کو گھر تک چھوڑ کر آؤں گی۔ مریم نواز نے سوال اٹھایا کہ اگر پنجاب نہریں نکالنا چاہتا ہے تو دوسروں کو اس بات پر تکلیف کیوں ہوتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ پانی میرا، پیسہ میرا، صوبہ میرا ہے، تو پھر دوسروں کو کیوں تکلیف ہوتی ہے؟

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب نے کبھی بھی دوسرے صوبوں کے معاملات میں مداخلت نہیں کی، لہٰذا دوسروں کو بھی چاہیے کہ وہ پنجاب میں مداخلت کرنا بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تنقید کو مثبت انداز میں لیتی ہیں لیکن پنجاب پر انگلی نہیں اٹھنے دیں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ دنیا نے پگڑیاں اچھالنے والوں کا حال دیکھ لیا ہے۔ پنجاب میں عوام کو بلوں پر ریلیف دیا گیا تو مخالفین جا کر آئی ایم ایف کو شکایتیں کرتے رہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر مسئلے کا حل بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نہیں ہے بلکہ صوبے کو اس کا حق دینے کے لیے اجازت اور مشورے ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین کو پنجاب میں کوئی منفی چیز نہیں ملتی اور جلد فیصل آباد میں جلدمیٹروبس منصوبے کی تعمیر شروع ہو جائے گی۔ پنجاب میں یورپ لیول کی بسیں چل رہی ہیں اور ڈیفالٹ کی باتیں ختم ہو چکی ہیں، اب بات صرف نیت کی ہے۔

مزیدخبریں