ایف بی آر نے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا اعلان کر دیا

04:27 PM, 29 Sep, 2025

کراچی: فیدرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 30 ستمبر 2025 کو مقرر کردہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں کسی بھی قسم کی توسیع نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم، شدید مجبوری کی صورت میں ٹیکس دہندگان کمیٹی کی منظوری سے زیادہ سے زیادہ 15 روز کی توسیع حاصل کر سکتے ہیں، بشرطیکہ واجب الادا ٹیکس 30 ستمبر تک ادا کیا جا چکا ہو۔

ایف بی آر نے اپنے اعلامیہ میں اس بات کی تردید بھی کی ہے کہ آئی آر ایس (IRS) سسٹم سست روی کا شکار ہے اور کہا ہے کہ آئی آر ایس پلیٹ فارم مکمل طور پر فعال اور بلا تعطل کام کر رہا ہے۔ ساتھ ہی نئے سادہ انکم ٹیکس ریٹرن فارم کے ذریعے آسانی سے ریٹرن جمع کرانے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

ایف بی آر نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ تاریخ تک ٹیکس ریٹرن جمع نہ کروانے والوں کو لیٹ فائلر کا درجہ دیا جائے گا اور قانون کے مطابق جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں