"لیڈر دھمکیاں نہیں، خدمت کرتے ہیں" ۔۔۔ شازیہ مری کا وزیراعلیٰ پنجاب کو جواب

06:17 PM, 29 Sep, 2025

اسلام آباد:ترجمان پیپلز پارٹی  پارلیمینٹیرینز شازیہ مری نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے کی گئی تنقید کا بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقی قیادت کا تقاضا خدمت اور کارکردگی ہے، نہ کہ دھمکیاں دینا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تنقید کے باوجود صبر اور برداشت کا مظاہرہ کیا، اور عوام کی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنایا۔

شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی توجہ ہمیشہ عوامی مسائل کے حل پر مرکوز رہی ہے، اور وہ باتوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے قیادت کا ثبوت دیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے حالیہ سیلاب متاثرین کو فوری ریلیف دینے کے لیے بی آئی ایس پی کے ذریعے امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ 2022 کے سیلاب کے دوران بھی بی آئی ایس پی کے ذریعے فی خاندان 25 ہزار روپے دیے گئے تھے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے 2025 میں رمضان پیکیج کی تقسیم کے لیے بھی بی آئی ایس پی کا ڈیٹا استعمال کیا تھا۔

شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی پارٹی کسانوں اور سندھ کے سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو تنبیہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آفات کے وقت انا، غرور یا سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی نہیں بلکہ عوام کی مدد کی ضرورت ہوتی ہے۔ عوامی خدمت ہی ہماری ترجیح ہے اور ہمیشہ رہے گی۔

مزیدخبریں