تیر نے سب کو چیر دیا، کامیابی پر کراچی والوں کا شکریہ: بلاول بھٹو

تیر نے سب کو چیر دیا، کامیابی پر کراچی والوں کا شکریہ: بلاول بھٹو
کیپشن: تیر نے سب کو چیر دیا، کامیابی پر کراچی والوں کا شکریہ: بلاول بھٹو
سورس: file

کراچی : قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں پیپلز پارٹی کے قادر مندوخیل کی کامیابی کے بعد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کراچی والوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج سامنے آنے کے بعد اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر تیر کی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیر چیرتے ہوئے آگے بڑھتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے ساتھ لکھا کہ ’شکریہ کراچی‘، ساتھ ہی انہوں نے ہیش ٹیگ ’این اے 249‘ کا بھی استعمال کیا۔

واضح رہے کہ کراچی کے حلقہ این اے 249 کے  غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے قادر مندوخیل جیت چکے ہیں۔

حلقے کے 276 پولنگ اسٹیشنز کے تمام غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے قادر مندوخیل 16ہزار 156 ووٹ لے کر پہلے جبکہ ن لیگ کے مفتاح اسماعیل 15ہزار 473 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

دوسری طرف مسلم لیگ ن ، پاکستان سرزمین پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلقے میں دھاندلی کی گئی ہے۔

ادھر الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ اگر دھاندلی ثابت ہوئی تو سخت ایکشن لیا جائے گا جنہیں شکایت ہے وہ الیکشن کمیشن سے رجوع کرسکتے ہیں۔