بھارت 24سے 36گھنٹے میں پاکستان پر حملہ کرسکتا ہے ، وفاقی وزیر اطلاعات

09:58 AM, 30 Apr, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے خدشات موجود ہیں، اور آئندہ 24 سے 36 گھنٹے اس حوالے سے نہایت اہم ہوں گے۔ انہوں نے بھارت کو واضح پیغام دیا کہ کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے پاس مستند اطلاعات ہیں کہ بھارت پاکستان کے خلاف جارحانہ اقدامات کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کی جانب سے کسی قسم کی کارروائی کی گئی تو اس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائد ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، اور بھارت کا خطے میں مدعی، منصف اور جلاد بننے کا رویہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایسے اقدامات جنوبی ایشیا میں امن کو سبوتاژ کر سکتے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے پر شفاف، آزاد اور غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی ہے، تاکہ حقائق سامنے آ سکیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت اس واقعے کو جواز بنا کر کسی قسم کی مہم جوئی کرتا ہے تو اس کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا نوٹس لے اور بھارت کو اشتعال انگیز اقدامات سے باز رکھے، تاکہ امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں