ہماری طرف سے جنگ کی شروعات نہیں ہوگی، لیکن جواب بھرپور ہو گا: وزیر دفاع

06:41 PM, 30 Apr, 2025

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے، بھارت کی جانب سے حملے کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دوست ممالک پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ خطے میں جنگ جیسی صورتحال پیدا نہ ہو۔ "اللہ کرے کہ ان ممالک کی کوششیں کامیاب ہوں اور بھارت کو ہوش آ جائے، لیکن کسی کو اس میں شک نہیں ہونا چاہیے کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہم پوری قوت سے جواب دیں گے۔"

وزیر دفاع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پہلگام حملے کے بعد ایک غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، مگر بھارت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ان کے بقول، "اگر بھارت تحقیقات نہیں چاہتا تو اس کا مطلب ہے کہ معاملے میں کچھ نہ کچھ چھپا ہوا ہے۔"

خواجہ آصف نے مزید کہا، "ہماری طرف سے کسی قسم کی جنگی پیش قدمی نہیں کی جائے گی، مگر اگر بھارت نے طاقت کا استعمال کیا تو ہم اس سے دوگنا جواب دیں گے۔"

ان کا کہنا تھا کہ علاقائی امن کے لیے پاکستان پُرامن راستہ اختیار کرنا چاہتا ہے، تاہم دفاع اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مزیدخبریں