احتجاج، ریلیاں، دھرنے اور اسلحے کی نمائش پر پابندی برقرار رہے گی؛ اطلاق یکم مئی 2026 سے ہوگا

11:52 AM, 30 Apr, 2026

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مجموعہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت نافذ پابندیوں میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، دفعہ 144 میں توسیع کا اطلاق یکم مئی 2026 سے ہوگا۔ اس فیصلے کے تحت صوبے بھر میں درج ذیل سرگرمیوں پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔ کسی بھی قسم کے عوامی احتجاج، دھرنوں اور ریلیوں پر پابندی ہوگی۔عوامی مقامات پر مظاہرے اور پانچ یا پانچ سے زائد افراد کے جمع ہونے پر ممانعت رہے گی۔ لائسنس یافتہ اسلحہ کی نمائش اور اسے ساتھ لے کر چلنے پر سخت پابندی عائد ہوگی۔دیواروں پر نعرے بازی اور وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سندھ حکومت کے ترجمان کے مطابق، یہ فیصلہ صوبے میں سیکیورٹی خدشات اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی اور پولیس کو اس حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

مزیدخبریں