اسلام آباد: پاکستان نے خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور برادر اسلامی ممالک کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے ایک بار پھر کلیدی کردار سنبھال لیا ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے ایران اور سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت سے براہِ راست رابطے کر کے امن مشن کو آگے بڑھایا ہے۔
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستان پر مسلسل اعتماد اور حمایت کا شکریہ ادا کیا، جبکہ ایران کی جانب سے خیر سگالی کے طور پر وفد پاکستان بھیجنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔ ترکیہ کے صدر نے وزیراعظم پاکستان کی ان مخلصانہ کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا ہے، جبکہ یورپی کونسل کے صدر سے بھی خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان نے تنازع کے تمام فریقین سے مسلسل رابطہ برقرار رکھا ہوا ہے تاکہ مذاکرات کی راہ ہموار کی جا سکے۔
ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مقصد خطے میں جنگ کے بادلوں کو چھانٹنا اور اقتصادی استحکام کے لیے پرامن ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم کی سفارت کاری کا محور برادر ممالک کو قریب لانا اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔
پاکستان کے اس متحرک سفارتی کردار کو عالمی سطح پر ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مشرقِ وسطیٰ اور خطے کے دیگر ممالک میں تناؤ کم ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔
خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں تیز؛ دفترِ خارجہ نے وزیراعظم کے عالمی رابطوں کی تفصیلات جاری کر دیں
01:15 PM, 30 Apr, 2026