پٹرول کی قیمت میں ساڑھے تین روپے کمی کی تجویز

پٹرول کی قیمت میں ساڑھے تین روپے کمی کی تجویز
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد  : عوام کےلئے خوشخبری  ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے ۔ اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں  تین روپے پچاس پیسے فی لٹر کمی کی تجویز کی سمری وزارت توانائی کو ارسال کر دی ہے۔

نیو نیوزکے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے سفارشات وزارت توانائی کو موصول ہو چکی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں پانچ روپے فی لٹر تک کمی کا امکان ہے ۔ اوگرا کی سمری میں لائٹ ڈیزل کی قیمت دو روپے فی لٹر کم کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق سمری میں  مٹی کے تیل کی قیمت میں تین روپے فی لٹر کمی کی تجویز شامل ہیں  ۔ قیمتوں میں کمی کی تجاویز موجودہ سیلز ٹیکس اور پٹرولیم لیوی کے مطابق تیار کی گئیں ۔

ذرائع کے مطابق سیلز ٹیکس اور پٹرولیم لیوی کی شرح میں ردو بدل سے قیمتیں میں مزید تبدیلی ہو سکتی ہے ۔قیمتوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد کرے گی ۔ نئی قیمتوں پر عملدرآمد کل رات سے ہوگا۔

گزشتہ دنوں وزارت خزانہ کے جاری اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے مالی سال 2021 کے دوران پٹرولیم مصنوعات سے 425 ارب روپے کا ٹیکس وصول کیا جبکہ حکومت نے گذشتہ مالی سال پٹرولیم مصںوعات پر ٹیکس وصولی کا ہدف 450 ارب روپے رکھا تھا۔

مالی سال 2020 میں پٹرولیم مصنوعات سے 295 ارب روپے جبکہ مالی سال 2019 میں 206 ارب روپے کا ٹیکس وصول ہوا تھا۔ دوسری جانب حکومت نے رواں مالی سال پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس وصولی کا ہدف 600 ارب روپے رکھا ہے۔