الیکشن ایکٹ کے تحت انتخابات کی تاریخ دینے کی مجاز اتھارٹی الیکشن کمیشن،وزارت قانون نے صدر کو جواب بھجوادیا

 الیکشن ایکٹ کے تحت انتخابات کی تاریخ دینے کی مجاز اتھارٹی الیکشن کمیشن،وزارت قانون نے صدر کو جواب بھجوادیا

اسلام آباد :  الیکشن ایکٹ کے تحت انتخابات کی تاریخ دینے کی مجاز اتھارٹی الیکشن کمیشن ہے، وزارت قانون نے صدر کو جواب بھجوادیا ہے۔ ملک بھر میں عام انتخابات کی تاریخ پر رائے دینے کے معاملے میں وزارت قانون و انصاف نے صدر مملکت کو جوابی خط ارسال کردیا ہے۔ 

اپنے خط میں وزارت قانون و انصاف نے کہا انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔ الیکشن ایکٹ کے تحت انتخابات کی تاریخ دینے کی مجاز اتھارٹی الیکشن کمیشن ہی ہے۔خط میں کہا گیا کہ ایک ساتھ صاف شفاف، منصفانہ انتخابات کروانے کےلیے صرف الیکشن کمیشن تاریخ دے سکتا ہے۔


اس میں کہا گیا کہ آرٹیکل 48 (5) صدر کو انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار تب دیتا ہے جب صدر 58 (2) کے تحت اسمبلی تحلیل کرے۔خط میں تحریر کیا گیا کہ صدر اگر قومی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ دیں گے تو ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات ممکن نہیں ہوں گے۔صدر کے تاریخ دینے کا اختیار تسلیم کیا جائے تو صوبوں میں تاریخ گورنرز دینے کے مجاز ہوں گے۔ ایسے میں گورنر کے پی جبکہ سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں الیکشن کمیشن الگ الگ تاریخ دے سکتے ہیں۔


 خط میں کہا گیا کہ آرٹیکل 48 ون کے تحت صدر کے پاس ایڈوائس واپس بھیجنے کا اختیار ہوتا ہے۔ آرٹیکل 58 ون صدر کو ایڈوائس واپس بھیجنے کی اجازت نہیں دیتا۔متن میں مزید  کہا گیا کہ امید ہے صدر کو وزارت کی رائے سے مدد ملے گی، اگر صدر کو مزید معاونت درکار ہو تو وزارت مدد کےلیے موجود ہے۔

مصنف کے بارے میں