بھارت سے آنے والے پانی میں اضافہ، سیلاب کا مزید خدشہ:پی ڈی ایم اے

12:15 PM, 30 Aug, 2025

لاہور : ڈائریکٹر جنرل پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) عرفان علی کاٹھیا نے خبردار کیا ہے کہ بھارت سے آئندہ چند روز میں 70 ہزار کیوسک سے زائد پانی پنجاب میں داخل ہونے کا امکان ہے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان مؤثر انفارمیشن شیئرنگ کا انتظام موجود نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گجرات اور منڈی بہاؤالدین میں تیز بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کا دباؤ بڑھ رہا ہے، خاص طور پر دریائے ستلج، چناب اور راوی کے مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق چناب میں 1179 موضع جات، 478 گاؤں اور ستلج کے 391 دیہات سیلاب سے متاثر ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں یہ تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن ہے جس میں 800 سے زائد کشتیاں اور 13 ہزار اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ انتظامیہ نے عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی بند توڑنے کے فیصلے کیے ہیں تاکہ بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔ اب تک سیلاب میں 30 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے متاثرین کی فوری مدد کے لیے 650 سے زائد ریلیف کیمپس قائم کیے ہیں جہاں ہزاروں متاثرین کو خوراک، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

مزیدخبریں