پنجاب میں سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کامیاب رہا:وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف

09:39 PM, 30 Aug, 2025

لاہور: وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے انتظامیہ دن رات محنت کر رہی ہے اور پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے۔

لاہور میں سیلابی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے اسپیل ویز کھولنے کے باعث دریا میں طغیانی آئی، لیکن اس کے باوجود ہم نے مؤثر منصوبہ بندی کے تحت سیلاب کی صورتحال کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے 6 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، جس سے قیمتی جانیں بچ گئیں۔ "یہ آسان نہیں تھا، جتنا سیلابی پانی آیا، اس کا مقابلہ کرنا ہمارے لیے چیلنج تھا،" مریم نواز نے کہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید بتایا کہ مسلسل بارشوں کی وجہ سے صورتحال بگڑی لیکن پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ریسکیو آپریشن میں ساڑھے 4 لاکھ سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات تک منتقل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ 22 اضلاع میں سی سی ٹی وی فوٹیجز سے نگرانی کی جارہی ہے اور ریسکیو آپریشن میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ "انتظامیہ نے تھرمل ڈرون کی مدد سے ایک ہزار سے زائد شہریوں کو بچایا،" مریم نواز نے کہا۔

پاک فوج کی مدد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ "پاک آرمی نے ریسکیو آپریشن میں انتظامیہ کی بھرپور مدد کی، اللہ ان کو سلامت رکھے۔"

کرتارپور گوردوارہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سکھ برادری کا یہ مقدس مقام 12 فٹ پانی میں ڈوب گیا تھا، لیکن 24 گھنٹے کے اندر وہاں سے نکاسیِ آب کر دی گئی، جس پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر نارووال کی تعریف کی۔

وزیراعلیٰ نے خدشہ ظاہر کیا کہ جھنگ، ملتان، مظفرگڑھ، اوکاڑہ، ساہیوال، ٹوبہ ٹیگ سنگھ اور دیگر علاقوں میں حالیہ سیلاب کے اثرات ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ کشتیوں کا انتظام بروقت کیا جائے اور ادویات و ویکسینیشن کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ "افسران اور اہلکار خود متاثرہ علاقوں میں پہنچیں، اس سے پہلے کہ لوگ انتظامیہ کو کال کریں۔"
 
 

مزیدخبریں