ڈونلڈ ٹرمپ کا بھارت کا دورہ منسوخ، دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی

10:07 PM, 30 Aug, 2025

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر میں بھارت میں ہونے والے کواڈ اجلاس کے لیے طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، صدر ٹرمپ نے اپنے دورہ بھارت کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی وجہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی بتائی جا رہی ہے۔

اس دوران جرمن اخبار فرینکفرٹر آلگمائنے نے انکشاف کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے حالیہ عرصے میں چار مرتبہ فون پر بات کرنے کی کوشش کی، لیکن مودی نے ان کی کالز کو نظرانداز کیا۔ اس رویے کو نئی دہلی کی "شدید ناراضگی اور احتیاط" کا اظہار سمجھا جا رہا ہے۔

یہ کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب ٹرمپ انتظامیہ نے بھارت پر 50 فیصد درآمدی ٹیرف عائد کر دیا، جو کسی بھی ملک پر عائد سب سے زیادہ ٹیرف ہے، سوائے برازیل کے۔ اس اقدام نے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں مزید تناؤ پیدا کیا۔

امریکی تھنک ٹینک کے صحافی مائیکل کوگلمین کا کہنا ہے کہ اگر یہ دعویٰ درست ہے تو امریکہ اور بھارت کے تعلقات اب کسی بحران سے گزر رہے ہیں اور دونوں رہنماؤں کے مابین تعلقات میں تناؤ آیا ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں امریکہ اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی بڑھ چکی ہے، خاص طور پر اس وقت جب بھارت کی جانب سے تجارتی مذاکرات میں تاخیر ہوئی اور ٹرمپ نے سخت ٹیرف عائد کیے۔
 
 

مزیدخبریں