پاکستان، ازبکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کا عزم

10:39 AM, 30 Aug, 2026

تاشقند: پاکستان اور ازبکستان نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے اقتصادی تعاون مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔

ازبکستان میں تعینات پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو نے نائب وزیراعظم جمشید خودجایف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے دوران پاکستانی سفیر نے ازبکستان کے 35ویں یوم آزادی پر نائب وزیراعظم کو مبارکباد دی اور آزادی کے بعد مختلف شعبوں میں ملک کی ترقی اور کامیابیوں کو سراہا۔

ازبک نائب وزیراعظم جمشید خودجایف نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے سرکاری اداروں، کاروباری برادری اور چیمبرز آف کامرس کو فعال کرکے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کی وسیع صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے مشترکہ اقتصادی اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک نے ایک جامع روڈ میپ بھی تیار کر رکھا ہے۔

ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

مزیدخبریں