چینی ٹیک کمپنی کی پنجاب کے آئی ٹی شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

اے آئی، صحت، زراعت اور پبلک سروسز میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر تعاون بڑھانے پر گفتگو

10:51 AM, 30 Aug, 2026

بیجنگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دورۂ چین کے دوران ایک معروف چینی کمپنی کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی، جس میں کمپنی نے پنجاب کے آئی ٹی سیکٹر میں تعاون اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران زراعت، ہیلتھ کیئر، سماجی و معاشی پروگرامز اور موسمیاتی پیش گوئی کے شعبوں میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پبلک سروسز میں مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں گورننس کے نظام کو مصنوعی ذہانت سے منسلک کیا جا رہا ہے اور صوبائی حکومت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی پالیسی پر فوری عملدرآمد کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب مصنوعی ذہانت کے شعبے میں نمایاں اقدامات کرنے والا صوبہ بن چکا ہے اور سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو اے آئی کی تعلیم دینے کے منصوبے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں نوجوان اور ہنرمند افرادی قوت موجود ہے، جبکہ صوبہ ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق سرکاری افسران اور اہلکاروں کے ساتھ کابینہ ارکان کو بھی مصنوعی ذہانت کی تربیت دی گئی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سمیت آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں چینی تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے پنجاب میں صحت، زراعت اور دیگر عوامی خدمات کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری منصوبوں (ایس ایم ایز) سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزیدخبریں