پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب دفاعی تعاون میں متحد ہیں: وزیراعظم

11:46 AM, 30 Aug, 2026

شہباز شریف کا ترک یومِ فتح پر صدر اردوان اور عوام کو مبارکباد، پاک ترک اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب مشترکہ سلامتی اور اجتماعی دفاع کے لیے متحد ہیں، جبکہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

ترک یومِ فتح کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے صدر رجب طیب اردوان، حکومت اور ترک عوام کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ 30 اگست غازی مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت میں حاصل ہونے والی تاریخی فتح کی یاد دلاتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ترک عوام کی جرأت، قربانیوں اور قومی عزم کی قابلِ فخر میراث کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات محض سفارتی روابط نہیں بلکہ دلوں کے رشتے ہیں، جو مشترکہ ایمان، تاریخ اور جدوجہد سے مضبوط ہوئے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب مشترکہ سلامتی اور اجتماعی دفاع کے لیے متحد ہیں۔ ان کے مطابق مکہ مکرمہ میں ہونے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ پاک ترک اسٹریٹجک شراکت داری کا اہم اظہار ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنائے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو تمام شعبوں میں وسعت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی مشترکہ خوشحالی اور سلامتی ہمارا مشترکہ عزم ہے۔ پاک ترک دوستی اور بھائی چارے کا مضبوط رشتہ آنے والی نسلوں تک مزید مستحکم ہوتا رہے گا۔

مزیدخبریں