اسلام آباد: نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر محمد سلمان نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔
وزارتِ صحت نے ڈاکٹر محمد سلمان کو تین سال یا مستقل افسر کی دستیابی تک ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز مقرر کیا ہے۔ چارج سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر سلمان نے پمز کے مختلف شعبوں کے سربراہان کے ساتھ اجلاس کیا اور ادارے کی کارکردگی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
ڈاکٹر محمد سلمان اس سے قبل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے ساتھ سی ای او این آئی ایچ کا اضافی چارج بھی برقرار رکھیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے سانحہ پمز کی رپورٹ پر سخت ایکشن لیتے ہوئے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران سکندر سمیت 8 افسران کو معطل کردیا تھا