لارڈز ٹیسٹ: انگلینڈ دوسری اننگز میں 208 رنز پر ڈھیر، پاکستان کو فتح کے لیے 389 رنز درکار

03:59 PM, 30 Aug, 2026

لارڈز : لارڈز میں جاری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی دوسری اننگز 208 رنز پر اختتام پذیر ہوگئی، جس کے بعد پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 389 رنز کا ہدف ملا ہے۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈین لارنس نے سب سے زیادہ 54 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کی مزاحمت میں اہم کردار ادا کیا۔ تاہم پاکستانی فاسٹ بولرز کے سامنے انگلش بیٹنگ زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی۔

پاکستان کی طرف سے محمد عباس نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔ خرم شہزاد اور محمد علی نے بھی شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 2،2 انگلش بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ نے تیسرے روز کھیل کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز سے کیا تھا۔ پاکستانی باؤلرز نے دن کے دوران مسلسل دباؤ برقرار رکھا اور میزبان ٹیم کو 208 رنز تک محدود کردیا۔

اس سے قبل انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 290 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 37.2 اوورز میں صرف 110 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔ انگلینڈ کو اس بنیاد پر پہلی اننگز میں 180 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔

اب پاکستان کے سامنے 389 رنز کا بڑا ہدف ہے اور قومی ٹیم کو میچ اپنے نام کرنے کے لیے ایک مضبوط بیٹنگ کارکردگی پیش کرنا ہوگی۔

مزیدخبریں