پاکستانی زرعی و غذائی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات 3 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف

04:49 PM, 30 Aug, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور سرپرستی میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی و غذائی تحفظ کے شعبے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ دونوں ممالک نے پاکستانی زرعی و غذائی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات آئندہ دو سال میں 3 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی و غذائی تحفظ کی شراکت داری کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق چاول، سرخ گوشت، پھل، فروٹ کنسنٹریٹس اور سبز چارے کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا ہے، جبکہ پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی زرعی ٹیکنالوجیز میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان نے 2025 میں سعودی عرب کو تقریباً ایک لاکھ 69 ہزار ٹن چاول برآمد کیے، جن کی مالیت تقریباً 163 ملین ڈالر رہی۔ سعودی عرب نے پاکستان سے سرخ گوشت کی درآمد بتدریج دوگنا کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جبکہ پاکستان اس وقت سالانہ تقریباً 30 ہزار ٹن سرخ گوشت سعودی عرب کو فراہم کرتا ہے۔

دونوں ممالک نے پھلوں اور ان کے کنسنٹریٹس کی برآمدات بڑھانے کے وسیع امکانات کا بھی جائزہ لیا۔ سعودی اور پاکستانی نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط اور سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا گیا۔

اعلامیے میں بھکر، پنجاب میں پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی آبپاشی پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیابی کا خیرمقدم کیا گیا، جبکہ لائیو اسٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ اور چاول کی ویلیو چین میں پاکستانی سرمایہ کاری کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

دونوں ممالک نے مفاہمتوں کو عملی جامہ پہنانے اور زرعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے باہمی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزیدخبریں