پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا حالیہ پنجاب دورہ آفیشل نہیں تھا اور پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ مناسب نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو اس قسم کی میڈیا ٹاکس سے گریز کرنا چاہیے۔
گورنر کے مطابق صوبے میں سکیورٹی فورسز اور پولیس روزانہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کر رہی ہیں۔ بعض علاقوں میں دہشت گردی موجود ہے اور ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ زیادہ تر جرائم میں افغان باشندے ملوث پائے جاتے ہیں اور غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو اپنے وطن واپس جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کی ایما پر افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں ہو رہی ہیں، اور افغانستان کو ہر فورم پر آگاہ کیا گیا کہ اس کی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر ویزا کسی ملک میں قیام کی اجازت نہیں ہوتی۔
گورنر نے خیبرپختونخوا حکومت کو ہدایت کی کہ وہ ریاستی اداروں کی مکمل حمایت کرے تاکہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مؤثر انداز میں جاری رہیں۔