پی ایس ایل7، کراچی کنگز کا لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 171 رنز کا ہدف

09:18 PM, 30 Jan, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے شرجیل خان اور کپتان بابراعظم کی اوپننگ شراکت کی بدولت لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 171 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کراچی کنگز کے اوپنرز شرجیل خان اور بابراعظم نے ٹیم کو 84 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پر شرجیل خان شرجیل خان 39 گیندوں پر 3 چھکوں اور4 چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 
محمد نبی 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد بابراعظم کی اننگز کا بھی خاتمہ ہو گیا، وہ 33 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنا سکے۔ عامر یامین 9 اور لوئس گریگوری صرف 2 رنز بنا سکے جبکہ صاحبزادہ فرحان 8 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ عماد وسیم بغیر کوئی سکور بنائے حارث رؤف کی گیند پر راشد خان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ 
لاہور قلندرز کی جانب سے تمام باؤلرز نے ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم حارث رؤف 3 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے اور 4 اوورز میں انہوں نے 33 رنز دئیے۔ شاہین شاہ آفریدی، زمان خان، راشد خان اور محمد حفیظ ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد حفیظ، بین ڈنک، ڈیوڈ ویزا، سمت پٹیل، راشد خان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان شامل ہیں۔ 
کراچی کنگز کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان، جو کلارک، ٹام لیمونبی، محمد نبی، لوئس گریگوری، محمد طحہ، عامر یامین، عماد وسیم، محمد الیاس اور محمد عمران شامل ہیں۔ 

مزیدخبریں