اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں کل سے بارش اور برف باری کے ایک نئے سپیل کی پیشگوئی کر دی ہے۔ مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں موسم کی شدت کا باعث بنے گا، جس کے پیشِ نظر انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ 30 جنوری سے ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہوگا۔ یہ سسٹم 3 فروری تک ملک کے مختلف حصوں میں برقرار رہے گا۔ 31 جنوری سے 3 فروری تک شمالی بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور ہلکی سے درمیانی برف باری کا امکان ہے۔
یکم سے تین فروری کے دوران اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، سیالکوٹ اور گجرانوالہ میں بارش متوقع ہے۔ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں برف باری اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس نئے سلسلے کے باعث درج ذیل خطرات پیدا ہو سکتے ہیں ،برف باری کی وجہ سے سڑکوں پر پھسلن بڑھ سکتی ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔بالائی علاقوں میں شدید موسم کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر پر روانہ ہونے سے قبل گاڑیوں کی حالت اور راستوں کی معلومات لازمی حاصل کریں۔
ملک میں بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ؛ محکمہ موسمیات کا سیاحوں اور شہریوں کے لیے ہائی الرٹ جاری
10:19 AM, 30 Jan, 2026