کابل/اسلام آبادعالمی سکیورٹی کے حوالے سے معتبر جریدے ’’یوریشیا ریویو‘‘ نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے دیرینہ موقف کی تائید کر دی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ افغانستان ایک بار پھر بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، افغان طالبان کی مبینہ سرپرستی میں دہشت گرد عناصر نہ صرف افغانستان میں مضبوط ہو رہے ہیں بلکہ ان کی سرگرمیاں پورے خطے کو عدم استحکام کے دہانے پر لے آئی ہیں۔ جریدے نے خبردار کیا ہے کہ افغان طالبان رجیم اب محض ایک داخلی مسئلہ نہیں رہا بلکہ عالمی سطح پر ایک بڑا سکیورٹی خطرہ بن کر ابھرا ہے۔
افغانستان کی سرزمین اس وقت 20 سے زائد دہشت گرد تنظیموں کی آماجگاہ بنی ہوئی ہے، جو وہاں سے اپنی کارروائیاں منظم کر رہی ہیں۔پاکستان مسلسل عالمی برادری کو افغانستان سے ہونے والی سرحد پار دہشت گردی اور وہاں موجود کالعدم تنظیموں کے ٹھکانوں سے متعلق آگاہ کرتا رہا ہے۔ ’’یوریشیا ریویو‘‘ کی رپورٹ نے ان خدشات کو درست ثابت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ افغان طالبان کی پالیسیاں پڑوسی ممالک بالخصوص پاکستان کی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ افغانستان میں دہشت گرد گروپوں کی موجودگی اور انہیں ملنے والی مبینہ سرکاری سرپرستی عالمی امن کے لیے ایک بم کی مانند ہے، جس پر اگر فوری قابو نہ پایا گیا تو اس کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے۔
افغانستان دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ بن گیا، عالمی جریدے 'یوریشیا ریویو' نے پاکستانی موقف کی تائید کر دی
04:01 PM, 30 Jan, 2026