ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ، نشیبی علاقے زیر آب آگئے

09:52 AM, 30 Jul, 2025

اسلام آباد : ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس نے مختلف شہروں کو شدید متاثر کیا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

راولپنڈی میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی، سید پور میں 90 ملی میٹر، شمس آباد میں 80 ملی میٹر، کٹاریاں میں 78 ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 55 ملی میٹر اور پیر ودھائی میں 52 ملی میٹر بارش ہوئی۔ ان بارشوں کے باعث نشیبی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں، اور کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

مردان، سوات، ایبٹ آباد، مظفرآباد سمیت دیگر شہروں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہری پور میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور کئی گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔ کالا باغ میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

پہاڑی علاقوں میں برساتی نالوں میں تیز بہاؤ کا امکان بڑھ گیا ہے۔ ایبٹ آباد کے علاقے درویش آباد میں بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 2 بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ مزید خطرات پیدا کر سکتا ہے اور ان علاقوں میں رہنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

مزیدخبریں