امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھارت پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی

10:17 AM, 30 Jul, 2025

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت سے تجارتی معاہدے کی عدم تکمیل کی صورت میں بھارتی مصنوعات پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی دی ہے۔ سکاٹ لینڈ سے واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدہ ابھی تک طے نہیں ہو سکا اور اگر معاہدہ نہ ہوا تو ہم بھارت پر اضافی ٹیرف لگا دیں گے۔

ٹرمپ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ برطانیہ کے فلسطین کو مشروط طور پر ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے پر امریکہ کا موقف واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کو ریاست تسلیم کرنا حماس کو انعام دینے کے مترادف ہوگا، اور امریکہ اس کیمپ میں نہیں ہے جو فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے حق میں ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ براہ راست بات چیت کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اسرائیلی حکومت سے خوراک کے مرکز پر بات کریں گے تاکہ خوراک کی مناسب اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نہیں چاہتا کہ حماس امداد یا وہاں جانے والے پیسے کا غلط استعمال کرے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ روس نے امن کی نئی ڈیڈ لائن پر کوئی ردعمل نہیں دیا اور روس کی معیشت کے خلاف نئے محصولات جلد نافذ کیے جائیں گے۔ امریکی صدر نے یہ بھی عندیہ دیا کہ وہ سال کے آخر تک چینی صدر سے ملاقات کریں گے۔

ٹرمپ نے برطانوی وزیراعظم سے دو ریاستی حل پر بات نہ ہونے کا تذکرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ بندی میں امریکہ کے کردار کا ذکر کیا۔

مزیدخبریں