پاکستان ہاکی ٹیم میں بڑی تبدیلی، ابوبکر نئے کپتان مقرر

08:57 AM, 30 Jul, 2026

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی ٹیم کی قیادت میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے عماد شکیل بٹ کی جگہ ابوبکر کو نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔

پی ایچ ایف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ پروفیشنل ڈیولپمنٹ کمیٹی کی سفارش پر کیا گیا، جس کی منظوری فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے دی۔ نئے کپتان ابوبکر آئندہ بین الاقوامی ایونٹس میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔

فیڈریشن نے واضح کیا ہے کہ عماد شکیل بٹ کو ٹیم سے باہر نہیں کیا گیا، بلکہ وہ بطور سینئر کھلاڑی قومی سکواڈ کا حصہ رہیں گے اور اپنی تجربہ کار موجودگی سے ٹیم کو تقویت فراہم کریں گے۔

پی ایچ ایف نے امید ظاہر کی ہے کہ ابوبکر کی قیادت، سینئر کھلاڑیوں کے تجربے اور نوجوان ٹیلنٹ کے امتزاج سے قومی ٹیم بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور آنے والے اہم ٹورنامنٹس میں مثبت نتائج حاصل کرے گی۔

شیڈول کے مطابق ابوبکر 30 جولائی کو کوریا کے خلاف ہوم سیریز میں پہلی مرتبہ پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کا آغاز 15 اگست سے ہوگا۔

مزیدخبریں