اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی کی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدرِ مملکت کو خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خلاف پاک افواج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی ہے۔
ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے دیگر اہم قومی معاملات پر بھی مشاورت کی گئی۔