کامیابی کے پیچھے دو اہم شخصیات کا ذکر، کرن جوہر کا بڑا انکشاف

01:11 PM, 30 Jul, 2026

ممبئی: معروف بھارتی فلم ساز کرن جوہر نے اپنی کامیابی کے سفر میں شاہ رخ خان اور ادتیہ چوپڑا کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں شخصیات نے اس وقت ان پر اعتماد کیا جب انہیں خود اپنی صلاحیتوں پر مکمل یقین نہیں تھا۔

گرو پورنیما کے موقع پر کرن جوہر نے سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان اور ادتیہ چوپڑا کے ساتھ ماضی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنے فلمی سفر کی یادیں تازہ کیں۔

انہوں نے بتایا کہ فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے کے آغاز میں وہ کافی خوفزدہ تھے کیونکہ انہیں فلم سازی کا عملی تجربہ نہیں تھا۔ تاہم ان کے والد یش جوہر نے انہیں محنت اور لگن کے ساتھ آگے بڑھنے کا مشورہ دیا۔

کرن جوہر نے شاہ رخ خان کے ساتھ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی ایک یادگار ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اداکار نے انہیں یقین دلایا تھا کہ جب وہ اپنی پہلی فلم بنائیں گے تو وہ اس کا حصہ بننا چاہیں گے۔

فلم ساز کے مطابق انہیں ابتدا میں لگا کہ شاہ رخ خان مذاق کر رہے ہیں، لیکن اداکار نے اپنا وعدہ پورا کیا اور بعد میں کرن جوہر کی پہلی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ میں مرکزی کردار ادا کیا، جس نے انہیں بطور ہدایتکار شہرت دی۔

کرن جوہر نے شاہ رخ خان اور ادتیہ چوپڑا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کی حوصلہ افزائی ان کے کیریئر کا اہم موڑ ثابت ہوئی۔ انہوں نے ان تمام اساتذہ اور رہنماؤں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جو دوسروں کی کامیابی میں خاموش کردار ادا کرتے ہیں۔

مزیدخبریں