کراچی: پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے معروف سینئر اداکار اور کامیڈین خالد نظامی طویل عرصے تک علالت میں مبتلا رہنے کے بعد گزشتہ روز کراچی میں انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی نمازِ جنازہ جمعرات کو نمازِ ظہر کے بعد کراچی کے علاقے بفر زون کی عثمانیہ مسجد میں ادا کی جائے گی۔
1947 میں پیدا ہونے والے خالد نظامی نے پی ٹی وی کے ابتدائی اور یادگار دور میں اپنی منفرد مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے۔ ان کے مقبول ڈراموں میں ’انکل عرفی‘، ’شہزوری‘ اور ’ان کہی‘ شامل ہیں، جنہیں آج بھی کلاسک ڈراموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
ٹیلی وژن کے علاوہ خالد نظامی نے فلمی صنعت میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور ’حقیقت‘ اور ’پہچان‘ سمیت متعدد فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔
خالد نظامی کے انتقال پر شوبز حلقوں اور مداحوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فنی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔