اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی خطے کے دیگر حصوں تک نہیں پھیلنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ خاموشی کے برعکس دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ آبنائے ہرمز اور باب المندب کی صورتحال تشویشناک ہے، جس کے اثرات علاقائی امن اور عالمی تجارت پر پڑ سکتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر سے متعلق اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر قبضے کو قانونی جواز دینے کی کوششیں قابل مذمت ہیں۔