اسلام آباد(جاویدنور)وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے سہولیات میں اضافے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں سفارتخانوں میں خدمات کی بہتری، دستاویزات کی تصدیق اور ڈیجیٹل نظام کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزارتِ خارجہ کی جانب سے وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی سہولت کیلئے پاور آف اٹارنی، جائیداد کی خرید و فروخت اور دستاویزات کے تصدیقی عمل کو آسان بنانے کیلئے کیو آر کوڈ نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے بیرونِ ملک پاکستانی اپنی شکایات بھی ڈیجیٹل طریقے سے درج کرا سکیں گے، جبکہ اس نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے سفارتخانوں میں نمایاں مقامات پر آویزاں کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کو اس سہولت سے آگاہ کرنے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ڈیجیٹل نظام سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو آسان بنانے کیلئے وزارتِ خارجہ کے دفتر اسلام آباد میں شام کی شفٹ شروع کر دی گئی ہے، جبکہ آسان خدمت مرکز میں بھی تصدیقی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ کورئیر کے ذریعے تصدیقی عمل کے ساتھ مختلف اداروں کے ڈیٹا بیس کو بھی منسلک کیا گیا ہے، جس سے تصدیق کا عمل تیز ہوا ہے۔
حکام نے بتایا کہ اپوسٹائل نظام کے تحت دستاویزات کی تصدیق کا عمل ون اسٹاپ سروس میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جبکہ مکمل ڈیجیٹل نظام کیلئے بھی کام جاری ہے۔ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے تیار کی جانے والی موبائل ایپ کے ذریعے پیدائش، وفات، نکاح اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس سمیت دیگر دستاویزات کی ڈیجیٹل تصدیق ممکن ہو سکے گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔