نظام کی بہتری کے لیے اجتماعی فیصلہ کرنا ہوگا، جس دن فیصلہ کرلیا بہتری آ جائے گی، محسن نقوی

05:55 PM, 30 Jul, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں موجودہ نظام کو بہتر بنانے کے لیے سب کو مل کر فیصلہ کرنا ہوگا، جس دن آپ لوگوں نے فیصلہ کرلیا کہ نظام ٹھیک کرنا ہے تو بہتری آ جائے گی۔

اکنامک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ  ملک کے حالات اور نظام کی بہتری کے لیے بات کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے شرکا نے اپنے مسائل بیان کیے ہیں، جن کے حل کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس سسٹم کے اندر ہم رہ رہے ہیں وہ تباہ ہو چکا ہے اور اسے درست کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہم سب جمہوریت چاہتے ہیں، لیکن جمہوریت کے اندر بھی تین، چار مختلف نظام موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی نظام کو چلانے والے بھی اسی ہال میں موجود ہیں اور سیاسی نظام کو فنڈنگ کرنے والے بھی اسی جگہ بیٹھے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کے نظام کی بہتری کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ اجتماعی فیصلوں اور کوششوں سے ہی مثبت تبدیلی ممکن ہے۔

مزیدخبریں