اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں انٹیلی جنس اطلاعات پر مبنی کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہنی چاہییں۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ خضدار میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بروقت حکمت عملی کا مظہر ہے۔
انہوں نے آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے اور دھماکا خیز مواد سے بھری دو گاڑیوں کو تباہ کرکے دہشت گردی کی بڑی منصوبہ بندی ناکام بنانے پر فورسز کی کارکردگی کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کی ہر مذموم کوشش کو اسی عزم کے ساتھ ناکام بنایا جاتا رہے گا اور ملک دشمن عناصر کو اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوت اور عزم کے ساتھ اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن کے امن، استحکام اور سلامتی کے لیے ان کی لازوال قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔